لاہور(نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے بحرین و متحدہ عرب امارات کے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات کے معاہدے کو مسترد کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہاہے کہ اسرائیل ناجائز ریاست ہے اور مسلمانوں کے ملک پر قبضہ کر کے بنائی گئی ہے ۔ اسرائیل پچھلے 71 سال سے مسلمانوں کے قبلہ او ل پر قابض ہے اور فلسطینی مسلمانوں کا قتل عام کر رہاہے ۔ انہوںنے کہاکہ دنیا بھر کے جید علما کرام کے بین الاقوامی اتحاد ” الاتحاد العالمی العلما المسلمین “کے 8 اگست 2020 ءکے جاری کردہ فتوے کے مطابق اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کا معاہدہ شرعی طور پر باطل اور حرام ہے ، اس لیے ہم بحرین اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ اسرائیل کے سفارتی تعلقات کے قیام کے معاہدے کو مسترد کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ یہ اللہ تعالیٰ اور رسول اللہ کے ساتھ خیانت اور سرزمین فلسطین کے ساتھ غداری ہے ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستانی قوم اپنے فلسطینی بھائیوں اور ان کی جدوجہد کا ساتھ دیتی رہے گی اور جب تک بیت المقدس آزاد نہیں ہو جاتا ، ہماری جدوجہد جاری رہے گی ۔