لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) بلاول زرداری نے اے پی سی کو کامیاب بنانے کے لیے پنجاب میں اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں کا خصوصی ٹاسک قمرالزمان کائرہ کو سونپ دیا۔پیپلزپارٹی کے ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی حکومت کے خلاف ممکنہ تحریک کے لیے نئی صف بندی کے لیے تیاریاں جاری ہیں، گزشتہ روز پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول نے لاہور کا ایک روزہ ہنگامی دورہ کیا جس کا مقصد اپوزیشن جماعتوں پر مشتمل 20 ستمبر کو ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کے لیے سفارشات کو حتمی شکل دینا تھی۔ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ موجودہ ملکی سیاسی و معاشی انتہائی خراب صورتحال کے پیش نظر اگر ہم اپوزیشن عوام کو سڑکوں پر نہ لائی تو جہاں موجودہ حکمران قصوروار ہوں گے وہاں عوام اپوزیشن جماعتوں کو بھی معاف نہیں کریگی۔ذرائع کا یہ کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی سینٹرل پنجاب کے رہنماؤں نے بھی قیادت کو مشورہ دیا ہے کہ اے پی سی میں مڈ ٹرم الیکشن پر زور دیا جائے اور اسی تیاری کے ساتھ اے پی سی میں شرکت کی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول زرداری نے اے پی سی میں شرکت کرنے والے وفد کو حتمی شکل دیدی ہے، تاہم تاحال اے پی سی کے حوالے سے پارٹی میں مشاورتی عمل جاری ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ ماہ اکتوبر میں بلاول کا پنجاب کا دورہ طے پا گیا ہے، آئندہ ماہ بلاول صادق آباد سے پنجاب کے دورے کا آغاز کریں گے۔