وزیر خارجہ شاہ محمود سے علامہ طاہر اشرفی کی ملاقات

535
اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے علامہ طاہر اشرفی ملاقات کررہے ہیں

اسلام آباد (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے چیئرمین پاکستان علما کونسل علامہ طاہر اشرفی کی وزارت خارجہ میں ملاقات، اتحاد بین المسلمین اور مسلم امہ کو درپیش چیلنجز کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، علامہ طاہر اشرفی نے مظلوم کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے اور بہترین خارجہ پالیسی اپنانے پر وزیر خارجہ کو مبارکباد پیش کی۔ علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ آج بھارت کا اصل چہرہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔ علامہ طاہر اشرفی نے دنیا بھر میں بالخصوص مغربی ممالک میں اسلامو فوبیا کی بڑھتی ہوئی لہر کے خلاف مؤثر آواز اٹھانے اور دنیا کی توجہ اس جانب مبذول کرانے پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ معاشرے میں عدم برداشت اور ہیجان انگیز رویے کی بیخ کنی اور نسل نو کی اسلامی اقدار کی طرف رہنمائی کے ضمن میں علما اور مشائخ کا کردار نہایت اہم ہے۔ وزیر خارجہ نے اسلامی تعلیمات کی ترویج اور اتحاد بین المسلمین کے حوالے سے علامہ طاہر اشرفی کی خدمات کو سراہا۔