سکھر (نمائندہ جسارت) ایڈمنسٹریٹر سکھر میونسپل کارپوریشن نثار احمد میمن کا ایس ایم سی کے مختلف محکموں کا اچانک دورہ، حاضری رجسٹر چیک کیے، غیر حاضر افسران و ملازمین پر برہمی کا اظہار، تنخواہیں بند کرنے کے احکامات جاری کردیے۔ ایڈمنسٹریٹر سکھر میونسپل کارپوریشن نثار احمد میمن نے سکھر میونسپل کارپوریشن کے تمام محکموں کا اچانک دورہ کر کے افسران و عملے کی حاضری چیک کی۔ انہوں نے دو محکموں کے افسران اور مختلف محکموں کے عملے کی عدم حاضری پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور حاضری رجسٹر اپنی تحویل میں لیتے ہوئے تنخواہیں روکنے کے احکامات جاری کردیے۔ اس موقع پر انہوں نے افسران کو ہدایت جاری کیں کہ اچانک دوروں کا سلسلہ جاری رکھوں گا، افسران نہ صرف خود بلکہ عملے کو بھی دفاتر میں موجود رہنے کا پابند بنائیں، یہ ہماری روزی ہے اسے حلال کریں، اپنا قبلہ درست کرلیں، کام چوری بالکل برداشت نہیں کروں گا، گھر بیٹھے تنخواہ لینے کا سلسلہ اب نہیں چلے گا، کوئی کتنا بھی با اثر کیوں نہ ہو کام کرے گا تب ہی تنخواہ ملے گی، کام چوروں کی محکمہ میں کوئی جگہ نہیں۔ ایڈمنسٹریٹر نثار احمد میمن نے سختی سے تنبیہ کی کہ آئندہ دورے پر غیر حاضر ملازمین کی نہ صرف تنخواہ روکی جائے گی بلکہ محکمہ جاتی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔