سنگ دل حکومت کو انتقام کے سوا کچھ نہیں آتا، شہباز شریف

114

لاہور (نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر و قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سنگدل حکومت کو انتقام کے علاوہ کچھ نہیں آتا، یہ صرف دن رات انتقام ہی لے سکتے ہیں۔ احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ حمزہ شہباز اس حکومت کے ظلم کا شکار ہوا ہے، اللہ تعالی حمزہ شہباز سمیت کورونا کے تمام مریضوں کو صحت کاملہ عطا فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سیاسی مخالفین کو صرف اور صرف انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے، لوگ خود کو غیر محفوظ تصور کر رہے ہیں اور وزیراعظم عمران خان کہیں نظر نہیں آرہے۔ لاہور موٹر وے کے اندوہناک واقعے کے بعد عوام شدید پریشانی کا شکا ر ہے اور عمران خان اپنی خلوت گاہ میں خوش و خرم رہ رہے ہیں۔