سکھر (نمائندہ جسارت) حکومت کی جانب سے عوام کو ریلیف فراہمی کے دعوے بے سود ثابت، سکھر کے مختلف یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیاء خورونوش ناپید ہوگئیں، شہری مہنگے داموں اشیاء خریدنے پر مجبور، یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیاء نہ ہونے کی وجہ سے شہری پریشان، بالا حکام نوٹس لیں، صدر سکھر آٹو پارٹس اونرز ایسوسی ایشن حاجی الٰہی بخش شیخ و دیگر کا مطالبہ۔ وفاقی حکومت کی جانب سے عوام کو یوٹیلیٹی اسٹورز کے ذریعے ریلیف فراہمی کے بلند و بانگ دعوے بے سود ثابت ہورہے ہیں۔ سکھر کے مختلف علاقوں میں قائم حکومتی یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیاء خورونوش جن میں گھی، آئل، چینی، آٹا، دالیں و دیگر اشیاء شامل ہیں ناپید ہوگئی ہیں۔ اشیاء خورونوش کی قلت کے باعث یوٹیلیٹی اسٹورز پر سناٹے چھا گئے ہیں۔ یوٹیلیٹی اسٹورز ملازمین کے مطابق مرکز سے سامان نہ آنے کی وجہ سے تکلیف کا سامنا ہے، یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیاء خورونوش کی قلت اور شہریوں کو درپیش مشکلات پر سکھر آٹو پارٹس اونر ایسوسی ایشن کے صدر حاجی الٰہی بخش شیخ، حاجی ہارون میمن، عمیر احمد چودھری، طارق جاوید، عبدالرشید راجپوت، محمد علی، عبدالہادی، متین بندھانی و دیگر شہری و سماجی تنظیموں کے عہدیداروں نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے عوام دشمنی قرار دیا اور وفاقی حکومت سمیت یوٹیلیٹی اسٹورز کے بالا افسران سے پُرزور مطالبہ کیا کہ وہ سکھر کے مختلف علاقوں میں قائم یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیاء خورونوش کی قلت کا نوٹس لے کر شہریوں کو سستی و معیاری اشیاء فراہمی کو یقینی بناتے ہوئے انہیں ریلیف فراہم کریں۔