ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) الخدمت فاؤنڈیشن ضلع ٹھٹھہ کے صدر محمد ریاض جیلانی، جنرل سیکرٹری عبداللہ آدم گندرو، قدرتی آفات سے بچاؤ کے کوآرڈینیٹر محمد علی خٹک نے سیلاب متاثرین کے لیے تیار کھانے کی فراہمی کے بعد دوسرے مرحلے میں خشک راشن کی تقسیم کا سلسلہ شروع کردیا۔ اس سلسلے میں جیلانی منزل ٹھٹھہ پر بارش و سیلاب متاثرین کے 55 خاندانوں میں الخدمت فاؤنڈیش سندھ ریجن کی ہدایات پر خشک راشن کی تقسیم کو یقینی بنایا گیا۔ تقسیم کے اس عمل میں جماعت اسلامی ضلع ٹھٹھہ کے پانچ مقامات ٹھٹھہ، مکلی، سونڈا، کیمپ، کلاکوٹ کے امیر اور ذمے داران کی نشاندہی پر 55 مستحق خاندانوں میں خشک راشن تقسیم کیا گیا۔ مستحقین نے الخدمت اور جماعت اسلامی کی ٹیم کی کامیابی و کامرانی کی دعائیں مانگی۔ دریں اثنا جنرل سیکرٹری عبداللہ آدم گندرو نے اپنے بیان میں کہا کہ تقسیم کا یہ عمل صرف جماعت اسلامی کے ذمے داران کی جانب سے نہیں ہوا بلکہ کورونا لاک ڈاؤن میں اس عمل میں ہم سے مختلف سیاسی، دینی اور سماجی پارٹیوں کے ہمدردوں نے بھی مدد طلب کی اور ان ہی کے توسط سے ہم نے 77 لاکھ سے زائد کی امدادی اشیاء اور تیار کھانے کی تقسیم کو یقینی بنایا تھا۔