اسلام آباد میں بیٹھ کر بلوچستان کے مسائل کا علم نہیں ہوسکتا‘ اسد عمر

164

تربت (آئی این پی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی واصلاحات اسد عمر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کے وژن اور احکامات کی روشنی میں جنوبی بلوچستان کے پسماندہ علاقوں کے لوگوں کے ساتھ مل بیٹھ کر مسائل کی نشاندہی کا جائزہ لینے کے لیے تربت کا دورہ کیا ہے‘ اسلام آباد میں بیٹھ کر ہمیں بلوچستان کے مسائل اور زمینی حقائق کا کبھی بھی مکمل علم نہیں ہوسکتا‘ یہاں اس لیے آیا ہوں تاکہ پسماندہ علاقوں کے مسائل کا مشاہدہ اپنی آنکھوں سے کرسکوں‘ تحریک انصاف کی حکومت ان مسائل کو حل کرنے اور ترقی کے لیے اختیارات نچلی سطح پر منتقل کر رہی ہے ۔ وہ پیر کو اپنی سربراہی میں جنوبی بلوچستان کے پسماندہ علاقوں کی ترقی کے حوالے سے ہونے والے ایک اہم اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ وفاق اور صوبائی حکومت مل کر 2 حصوں پر مشتمل ایک پیکج پر کام کر رہے ہیں تا کہ بلوچستان کے ان پسماندہ علاقوں کو ملک کے دیگر علاقوں کے برابر لایا جاسکے۔