لاہور (اے پی پی)پنجاب حکومت نے صوبائی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف کو نجی علاج گاہ اتفاق اسپتال منتقل کرنے کی درخواست مسترد کردی۔ چیف سیکرٹری پنجاب کو مسلم لیگ ن کی جانب سے درخواست دی گئی تھی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ پنجاب نے حمزہ شہباز کی سینٹرل جیل کوٹ لکھپت سے اسپتال منتقلی کی درخواست مسترد کر دی۔ مسلم لیگ ن کے ڈپٹی سیکرٹری عطا اللہ تارڑ نے چیف سیکرٹری پنجاب کو خط لکھا تھا جس میں ایمرجنسی بنیاد پر حمزہ شہبازشریف کو جیل سے اتفاق اسپتال منتقل کرنے کی درخواست کی تھی۔ اس درخواست کو کارروائی کے لیے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ پنجاب کو پیش کیا گیا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ نے حمزہ شہباز کے علاج معالجے سے متعلق 3 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی۔