بلاول کا دورہ بدین، اہم رہنما اور شخصیات نظر انداز

145

بدین (نمائندہ جسارت) بلاول زرداری کا دورہ بدین کامیاب یا ناکام پیپلز پارٹی بدین کی اہم شخصیات سابق اراکین اسمبلی سینیٹر اور چیئرمین کونسل غیر حاضر غائب یا نظر انداز کردیے گئے، متاثرین دن بھر بلاول اور امداد کا انتظار کرتے رہے پر بلاول کیمپ پر نہ پہنچے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری جمعہ کے روز اپنے شیڈول سے دو گھنٹے تاخیر سے بدین کے شہر ٹنڈو باگو پہنچے، جہاں پر پیپلز پارٹی کے ضلعی جنرل سیکرٹری حاجی سائیں بخش کی رہائش گاہ پہنچنے پر شہریوں کی بڑی تعداد نے ان کا پرجوش اور شاندار استقبال کیا۔ جمالی برادران کی جانب سے بلاول کے استقبالیہ کے موقع پر شاندار عوامی طاقت کا مظاہرہ کرنے میں تو کامیاب رہے مگر ہنگامی بنیادوں پر قائم کیے گئے بارش متاثرین کی عارضی خیمہ بستی میں لائے گئے متاثرین دن بھر بھوکے اور پیاسے بلاول اور وزیر اعلیٰ سندھ کا انتظار کرتے رہے کہ وہ آئیں گے تو ان کو راشن اور امداد دیں گے اور متاثرین کے لیے کسی پیکیج کا اعلان کریں گے، مگر بلاول کا دورہ خیمہ بستی ملتوی ہونے پر لائے گئے متاثرین مایوسی کا شکار ہوگئے۔ پارٹی اور دیگر ذرائع کہ مطابق الیکٹرونکس میڈیا اور سوشل میڈیا پر ہنگامی بنیادوں پر تیار کیے گئے ٹینٹ سٹی اور لائے گئے لوگوں کے تاثرات اور دکھائی گئی صورتحال کی اطلاع بلاول تک پہنچنے کے بعد شیڈول کے مطابق بدین آمد میں دو گھنٹے کی تاخیر کی گئی اور تاخیر کو جواز بنا کر ٹینٹ سٹی کا دورہ ملتوی کیا گیا۔ پارٹی رہنماؤں میں اختلافات اور گروپ بندی کے باعث بلاول کی ٹنڈو باگو آمد کے موقع پر حلقہ سے پیپلز پارٹی کے رہنما غیر حاضر اور غائب رہے یا پھر ان کو نظرانداز کرتے ہوئے دعوت اور اطلاع ہی نہیں دی گئی۔