حمزہ شہباز بھی کورونا کا شکار

542

ترجمان مسلم لیگ مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ حمزہ شہبازکا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، اور وہ 3 روز سے بخار میں مبتلا ہیں.

مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کے مطابق اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور وہ 3 روز سے بخار میں مبتلا ہیں.

انہوں نے کہا کہ بدترین سیاسی انتقام حمزہ شہباز کےعزم کو متزلزل نہ کرسکا،حمزہ شہبازبہادری  سے نیب نیازی اندھیر نگری چوپٹ راج کے سامنے ڈٹا ہوا ہے، حمزہ ،نوازشریف کا بھتیجا اورشہباز شریف کا بیٹا ہونے کے جرم میں ناحق سزاپا رہا ہے.

ترجمان مسلم لیگ مریم اورنگزیب نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حمزہ شہباز کو کوٹ لکھپت جیل سے فوری اسپتال منتقل کیاجائے، علاج میں سستی یا لاپروائی سے حمزہ شہباز کی صحت خطرے سے دوچار ہوسکتی ہے اس لیے حمزہ شہباز کے علاج کی تمام قانونی ذمے داریاں پوری کی جائیں.

یاد رہے کہ قومی احتساب بیورو نے ن لیگی رہنما واپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس، رمضان شوگر ملز اور صاف پانی کیس کے مقدمات میں گرفتار کر رکھا ہے۔

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کو منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثوں سے متعلق مقدمات میں 11 جون 2019 میں گرفتار کیا گیا تھا۔

دوسری جانب قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا ہے کہ میرے بیٹے حمزہ کوجیل میں کورونا ہوگیا، قوم سے حمزہ شہباز کی صحت کے لیے دعا کی درخواست ہے، حمزہ مشرف دورکے بعد نیب نیازی گٹھ جوڑ کا سامنا کررہا ہے.