کراچی(اسٹا ف رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئندہ ماہ زمبابوے کے خلاف سیریز کے میچ ملتان اور راولپنڈی میں کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ دونوں سینٹرز میں کبھی ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل میچز نہیں کھیلے گئے ہیں جب کہ ملتان میں 12سال بعد انٹر نیشنل میچ کھیلا جائے گا۔ 16اپریل 2008 میں ملتان نے آخری بار پاکستان بنگلا دیش ون ڈے انٹر نیشنل کی میزبانی کی تھی۔لاہور میں پاکستان سپر لیگ کے چار میچ ہوں گے جبکہ ملک کے اہم ترین سینٹر نیشنل اسٹیڈیم، کراچی میں اس سال کوئی انٹر نیشنل میچ نہیں ہوگا۔ کراچی کے چار گرائونڈز قائد اعظم ٹرافی کے تمام میچوں کی میزبانی کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تین ٹی ٹونٹی انٹر نیشنل ملتان جب کہ تینوں ون ڈے پنڈی اسٹیڈیم میں ہونگے۔ملتان نے اس سال پاکستان سپر لیگ کے میچوں کا کامیاب انعقاد کیا تھا جبکہ پنڈی میں پی ایس ایل کے علاوہ سری لنکا اور بنگلا دیش کے ٹیسٹ میچ ہوئے تھے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ زمبابوے کی ٹیم 20اکتوبر کو دبئی سے ملتان پہنچے گی، جہاں قرنطینہ میں ایک ہفتہ گزارے گی ۔