اسلامی جمعیت طلبہ نوجوانوں کی نظریاتی تنظیم ہے،سینیٹر سراج الحق

553

لاہور:امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کا کہنا ہے کہ اسلامی جمعیت طلبہ، طلبہ کی نظریاتی تنظیم ہے جو ملک کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ تعلیم کے میدان میں طلبہ کی رہنمائی کررہی ہے ۔

منصورہ میں اسلامی جمعیت طلبہ کی مرکزی شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نےطلبہ یونینز کی بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ مستقبل میں ملک کی باگ ڈور سنبھالنے والے نوجوانوں کی سیاسی تربیت کے لیے طلبہ یونینز کی بحالی از حد ضروری ہے ۔ ضیاءالحق دور میں طلبہ یونینز پر پابندی لگائی گئی جو آج تک جاری ہے او رخود کو جمہوری کہلانے والی حکومتوں نے بھی وعدوں کے باوجود طلبہ یونینز کو بحال نہیں کیا ۔

انہوں نے مزید کہاکہ اسلامی جمعیت طلبہ کا سیرت و کردار کی تعمیر میں ناقابل فراموش کردار ہے، ملک میں حقیقی تبدیلی کے لیے طلبہ اور نوجوانوں کو اپنا موثر کردار ادا کرنا ہوگا، تبدیلی سرکار 26 ماہ میں اعلانات پر اعلانات اور وعدوں پر وعدے کر رہی ہے مگر عملی اقدامات کے لیے تیار نہیں ۔

امیر جماعت کا مزید کہنا تھا کہ  حکومت نے تعلیم کو بھی اتنامہنگا کردیاہے کہ غریب طالبعلموں کے لیے اپنی تعلیم جاری رکھنا بھی مشکل ہوگیا، حکومت تعلیم اور صحت کے بجٹ میں کمی کو پورا کرے گی تو لوگوں کو کچھ ریلیف مل سکے گا ۔