شہید میجر عزیز بھٹی کا 55واں یوم شہادت آج منایا جارہا ہے

1028

کراچی: سن 1965 کی پاک بھارت جنگ کے دوران  دشمن کو ناک و چنے چبوانے والے میجر عزیز بھٹی شہید کا  55 واں یوم شہادت آج منایا جارہا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے ڈی جی نے میجر عزیز بھٹی شہید کے 55 ویں یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ میجر عزیز بھٹی شہید کی شاندار قیادت اور جرات دفاع وطن کی روشن مثال ہے۔

میجر عزیز بھٹی شہید نےستمبر 1965ء میں جب دشمن نے ارض وطن پر شب خون مارا تو میجر عزیز بھٹی شہید کو برکی سیکٹر پر دشمن کی پیش قدمی روکنے کا حکم ملا تو قوم کے بہادر سپوت دشمن کی راہ میں سیسہ پلائی دیوار بن گئے اور کمال مہارت اور عسکری صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کو ایک قدم آگے نہ بڑھنے دیا۔

بارہ ستمبر 1965ء کو جب دشمن پاک فوج پر بھاری گولہ باری کر رہا تھا، میجر عزیز بھٹی نے مورچے سے باہر نکل کر اپنے سپاہیوں کو ہدایات دیں اسی دوران توپ کا ایک گولہ میجر عزیز بھٹی کو لگا اور انہوں نے مادر وطن کے دفاع میں شہادت کا رتبہ پایا۔

میجر عزیز بھٹی کی ملکی دفاع کیلئے بے مثال قربانی اور شجاعت کے مظاہرے کے اعتراف میں حکومت نے انہیں پاکستان کے سب سے بڑے فوجی اعزاز ‘نشان حیدر’ سے نوازا۔