سانگھڑ (نمائندہ جسارت) ضلع سانگھڑ میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اسکیم کے تحت فراڈ سے غیرقانونی طور پر پیسے لینے والوں کے گرد FIA کرائم سرکل نے گھیرا تنگ کردیا۔ محکمہ تعلیم ضلع سانگھڑ کے ہائی اسکول ٹیچر BPS17 محمد حنیف کی بیوی مسمات روبینہ نے بھی مستحق کی حیثیت سے 2 لاکھ 21 ہزار 774 روپے وصول کیے اور سرکاری ریکارڈ میں اپنے شوہر کو بے روزگار ظاہر کیا، FIA تھانے پر مقدمہ درج، تفتیش جاری، ملزمہ نے ضمانت کے لیے درخواست ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ سانگھڑ میں داخل کردی، سماعت آج ہوگی۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اسکیم کے تحت مسمات روبینہ زوجہ محمد حنیف HST ٹیچر BPS17 ساکن وارڈ نمبر5 نزد ضیا الدین پرائمری اسکول ٹنڈو آدم شہر تحصیل ٹنڈوآدم ضلع سانگھڑ نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اسکیم سے ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے شوہر محمد حنیف ہائی اسکول ٹیچر HST بیسک پے اسکیل 17 کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے سرکاری ریکارڈ میں بے روزگار ظاہر کیا اور اپنے آپ کو غریب، لاچار، مستحق ظاہر کرتے ہوئے فراڈ اور دھوکہ دہی کے ذریعے 2 لاکھ 21 ہزار 774 روپے وصول کیے۔ حکومت پاکستان نے FIA کے ذریعے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے رقم وصول کرنے والے تمام خواتین کی تحقیقات کروائی تو معلوم ہوا کہ بہت سی ایسی خواتین ہیں جن کے خاوند سرکاری ملازمین گریڈ 17، 18، 19، 20، 21 اور گریڈ 22 کے گزیٹیڈ سرکاری افسران ہیں۔ مختلف حکومتی محکموں میں حکومت پاکستان کے حکم کے تحت FIA نے انکوائری کی تو اصل حقیقت ظاہر ہوئی کہ بہت سی خواتین جو کہ گزیٹیڈ افسران کی بیگمات ہیں انہوں نے فراڈ اور دھوکہ دہی سے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے بھاری رقم وصول کرتی رہی ہیں اور غریب لاچار بیوہ اور مستحقین کی حق تلفی کرتی رہی ہیں۔ ان ہی خواتین میں سے مذکورہ خاتون مسمات روبینہ بھی ایک خاتون ہے جو کہ ضلع سانگھڑ کی تحصیل ٹنڈو آدم شہر وارڈ نمبر 5 نزد ضیا الدین پرائمری اسکول کی رہائشی جس کا شوہر محمد حنیف محکمہ تعلیم ضلع سانگھڑ میں گریڈ 17 کا سرکاری ملازم HST ہائی اسکول ٹیچر گزیٹیڈ افسر ہے اس جرم کی مرتکب ہوئی ہے جس پر FIA کرائم سرکل تھانہ شہید بینظیر آباد نوابشاہ نے مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔ مذکورہ جوابدار مسمات روبینہ نے ضمانت قبل ازگرفتاری ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سانگھڑ جاوید احمد کیریو کی عدالت سے 8 ستمبر سال 2020ء کو منظور کرائی ہے جبکہ پکی ضمانت کے لیے آج کی تاریخ سیشن کورٹ سانگھڑ میں مقرر ہے۔ واضح رہے کہ FIA کرائم سرکل تھانہ پر کیس داخل ہونے کے بعد جوابدار مسمات روبینہ FIA کی تحقیقاتی ٹیم کے سامنے جرم قبول اور رضا کارانہ طور پر فراڈ اور دھوکہ دہی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے وصول کردہ رقم مبلغ 2 لاکھ 21 ہزار 774 روپے قومی خزانے میں جمع کروانے کے لیے اپنی رضا مندی کا اظہار کیا اور اس طرح اس نے نیشنل بنک آف پاکستان ٹنڈو آدم برانچ میں مذکورہ رقم بینک میں جمع کروائی۔ اس کارروائی سے مکمل طور پر ظاہر ہوا کہ مسمات روبینہ کا شوہر گورنمنٹ کا سرکاری ملازم گریڈ 17 کا گزیٹیڈ آفیسر ہائی اسکول ٹیچر محمد حنیف جس کو بے روزگار ظاہر کرکے مسمات روبینہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مستحق اور غریب اور لاچار عورت ظاہر کرکے وظیفہ لے رہی تھی وہ حکومت پاکستان کے ساتھ اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ساتھ ایک فراڈ اور دھوکہ تھا اور اب ضلع سانگھڑ میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے غلط طریقے سے فائدہ اٹھانے والوں کیخلاف FIA کرام سرکل تھانہ شہید بے نظیر آباد نے تحقیقات کے بعد قانونی کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔