اسلام آباد (صباح نیوز) وزیراعظم کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے موٹروے پر خاتون کے ساتھ اجتماعی زیادتی کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کو اس واقعے کی تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی ہے ۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے جمعے کو آئی جی پولیس پنجاب سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور واقعے کی شدید مذمت کی اور اسے انتہائی وحشیانہ اور شرمناک قرار دیا اور متاثرہ خاتون کو انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح اور ذمے داری ہے اور کسی بھی مہذب معاشرے میں ایسی درندگی کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ اسپیکر نے سی سی پی او لاہور کے بیان پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سی سی پی او کا بیان غیر ضروری اور ناقابل قبول ہے۔ آئی جی پنجاب نے اسپیکر کو واقعے کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اب تک ہونے والی تحقیقات کے نتیجے میں پنجاب پولیس مجرموں کے نزدیک پہنچ چکی ہے اور انہیں جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کردیا جائے گا۔ انہوں نے اسپیکر کو کوتاہی کے مرتکب پولیس اہلکاروں کے خلاف تادیبی کارروائی کرنے کا بھی یقین دلایا ہے۔