سکھر ،مختلف علاقوں میں ترقیاتی کام مکمل نہ ہوسکے ،سیوریج کا نظام تباہ

294

سکھر (نمائندہ جسارت) شہر کے مختلف علاقوں، نمائش روڈ، بھوسہ لائن، پیر مراد شاہ، گڈانی پھاٹک، پرانہ سکھر، نیو پنڈ، پولیس ہیڈ کوارٹر روڈ، غریب آباد، بچل شاہ و دیگر علاقوں میں جاری ترقیاتی کام مکمل نہیں ہوسکے ہیں، جس کے باعث مذکورہ علاقوں میں جہاں نکاسی آب سسٹم مفلوج ہوگیا ہے وہیں ان علاقوں میں صفائی کی صورتحال بھی انتہائی خراب ہوچکی ہے۔ نالیوں اور گٹروں کے پانی نے تالاب کی شکل اختیار کرلی ہے۔ شہر کے علاقے ریجنٹ مدرسہ منزل گاہ روڈ، گراؤنڈ کیساتھ ڈرینج سسٹم ناکارہ ہوجانے کی وجہ سے گندا پانی سڑک پر جمع ہونا معمول بنتا جارہا ہے۔ چند روز قبل شکایت پر متعلقہ محکموں کی جانب سے نکاسی آب نظام کو بہتر بنانے کے لیے کھدائی کرکے گٹر لائن ڈالنی تھی لیکن افسوس یہ بلدیاتی دور ختم ہونے کے کیساتھ نامکمل رہ گیا۔ دوسری جانب انتظامیہ کے بلند و بانگ دعووں کے باوجود شہر کے تجارتی و کاروباری مراکز میں صفائی ستھرائی کے انتظامات بہتر نہیں بنائے جاسکے۔ شہر میں ترقیاتی کام مکمل نہ ہونے اور صفائی کی ناقص صورتحال کی شکایت کے باوجود شہر اور شہریوں کا کوئی پرسان حال نظر نہیں آرہا۔ شہر میں صفائی ستھرائی سمیت ڈرینج کے ناقص انتظامات پر شہریوں نے گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے سکھر میونسپل کارپوریشن، ضلعی انتظامیہ، پبلک ہیلتھ ڈپارٹمنٹ سمیت دیگر متعلقہ محکموں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے چیف جسٹس پاکستان، وزیر اعظم، وزیر اعلیٰ سندھ، صوبائی وزیر صحت، وزیر بلدیات، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، میونسپل کمشنر، ایڈمنسٹریٹر سکھر و دیگر بالا حکام سے نوٹس لے کر شہریوں کو بلدیاتی سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔