پی ٹی آئی قائد اعظم کے وژن سے انحراف نہ کرے،بلاول

207

اسلام آباد/عمر کوٹ(آئی این پی+آن لائن ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے پی ٹی آئی حکومت کے ان کرداروں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ قائداعظم محمد علی جناح کے وژن سے انحراف کرنے سے باز آجائیں، جو پاکستان کو دو پاکستان کے نظریے کی جانب دھکیل رہے ہیں، اور یہ بہت بڑی ناانصافی کررہے ہیں۔ قائد اعظم محمد علی جناح کی برسی کے موقعے پر جاری کردہ اپنے پیغام میں پی پی پی چیئرمین نے بابائے قوم کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ نظریہِ پاکستان ملک کی بنیاد ہے اور پوری قوم کو اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ کسی کو اس نظریے سے پیچھے ہٹنے کی اجازت نہ ہو۔ علاوہ ازیںپیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وزراکے ساتھ عمرکوٹ میں بارش و سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا ۔مکینوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے غریب عوام کی جمہوری جدوجہد اور غریب عوام کے حقوق میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ملک میں آنے والا سیلاب قومی سطح پر ہے جس سے متعدد خاندان متاثر ہوئے ہیں خاص طور پر پورا سندھ اور ضلع عمرکوٹ ، سانگھڑ ، تھرپارکر اور میرپورخاص جن کی حمایت اس مشکل وقت میں پیپلز پارٹی کے ساتھ رہی ہے لیکن اس بار وفاق حکومت کو چاہیے کہ اس مشکل وقت کے دوران عوام کی مدد کرے۔