لاڑکانہ، مقابلے میں 20 سے زائد مقدمات میں مطلوب ڈاکو ہلاک

167

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) ڈی آئی جی لاڑکانہ عرفان علی بلوچ کے جرائم پیشہ افراد کیخلاف کارروائی کے واضح احکامات کی روشنی میں ضلع قنبر شہداد کوٹ کے پولیس اسٹیشن سجاول جونیجو کی حدود انڑ پل پر جرائم کے ارادے سے کھڑے جرائم پیشہ افراد سے مقابلہ ہوا، ڈی آئی جی آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق مقابلے میں 20 سے زائد مقدمات میں مطلوب ڈاکو دیدار عرف دیدو ولد نواب سومرو سکنہ گاﺅں وسایو بھٹو ہلاک ہوگیا، جس کے قبضے سے ایک کلاشنکوف برآمد ہوئی، جبکہ ہلاک ڈاکو کے سر پر سندھ حکومت کی طرف سے 10 لاکھ روپے انعام مقرر تھا۔ دوسری جانب پولیس کی کارکردگی پر ڈی آئی جی لاڑکانہ عرفان علی بلوچ نے ایس ایس پی قنبر شہداد کوٹ اور اس کی ٹیم کو شاباشی اور نقد انعامات دینے کا اعلان کردیا۔ اس حوالے سے امن و امان اور عوام کے جان و مال کی حفاظت ہمارے فرائض میں شامل ہے، جرائم پیشہ افراد کیخلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں۔ ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش کی ہدایات پر لاڑکانہ پولیس نے جرائم پیشہ افراد کیخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے اشتہاری، روپوش و مطلوب 5 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی۔ کیٹی ممتاز پولیس نے دوران چیکنگ مطلوب ملزم علی حسن آگانی کو بندوق اور کارتوسوں سمیت، تعلقہ پولیس نے وگن روڈ سے منشیات فروش خادم ہلیو کو دو کلو چرس سمیت، سیہڑ پولیس نے دہرے قتل اور ڈکیتی کے مقدمات میں اشتہاری ملزم میہر لاشاری کو، سول لائن پولیس نے ضلع قنبر شہداد کوٹ کے تھانہ نصیر آباد کے مقدمے میں روپوش ملزم غلام حسین کھوکھر کو اور اللہ آباد پولیس نے مطلوب ملزم شہمیر جسکانی اور مسمات حسنہ جسکانی کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار تمام ملزمان کیخلاف ایسے مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔