پیکیج کی رقم زرداری کے اکاﺅنٹس میں منتقل نہ ہوجائے، مراد سعید

254

اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیرمواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ کراچی پیکج کے لیے مختص اربوں روپے زرداری کے اکاﺅنٹس میں نہ ٹرانسفر ہوں، سندھ حکومت ترقی کے نام پر ملنے والے تمام فنڈز ہڑپ جاتی ہے جس کی وجہ سے کراچی تباہ ہو گیا ہے۔ پیپلزپارٹی نے کراچی کو کچرا کا ڈھیر بنا رکھا ہے، ہم کراچی کو ایسا انفراسٹرکچر دیں گے کہ بارش کا پانی گھروں میں داخل نہ ہو۔ وہ اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس کر رہے تھے اور انہوں نے پیپلزپارٹی کے طرز حکومت پر شدید تنقید کی اور مشورہ دیا کہ کراچی کے ایشو پر سیاست نہ کی جائے۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مراد سعید کا کہنا تھا کہ ایک طرف وزیراعظم سیلابی میں نقصان اور متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے میں مصروف ہیں دوسری جانب فرزند زرداری سیاست کرنے میں مصروف ہے۔ بلاول زرداری نے اپنے والد کی کرپشن کے حوالے سے اورخورشید شاہ کی کرپشن پر بات کرنی تھی مگر وہ صرف اور صرف وفاق پر تنقید کرنے کے لیے باتیں کرتے ہیں۔ سندھ میں گوداموں کی گندم یہ لوگ نہیں چھوڑتے، توشہ خانہ کا سامان بھی نہیں چھوڑتے، اسپتالوں کی دوائی تک غائب کر دیتے ہیں، اسکولوں کا فرنیچر تک نہیں چھوڑتے، سیلاب زدگان کا ہار تک نہیں چھوڑتے، کھربوں کے ٹھیکے اور شوگر ملوں کی سبسڈی تک خود کھاجاتے ہوں اور تنقید وفاق پر کرتے ہوں۔