سکھر (نمائندہ جسارت) موٹر وے پولیس بیٹ 28 گمبٹ کی بروقت کارروائی، کراچی ملیر سے چھینی گئی کار قومی شاہراہ رانی پور سے پکڑلی، کار چور بین الصوبائی گروہ کا کارندہ گرفتار، مزید تفتیش جاری۔کراچی کے رہائشی محمد علی بلوچ نے موٹر وے پولیس کی ہیلپ لائن 130 پر اطلاع دی کہ میری کار نمبر DAW- 717 پروبوگس کمپنی ماڈل 2011ء رنگ سفید ملیر کراچی سے چھینی گئی ہے، میری مدد کی جائے۔ پریس ترجمان کے مطابق کراچی سے کوٹ سبزل تک موٹروے پولیس کو الرٹ کردیا گیا تاکہ چھینی گئی مذکورہ کار نظر آنے کی صورت میں کارروائی عمل میں لائی جاسکے، جس پر ایس ایس پی موٹر وے سکھر غلام سرور بھیو کی زیر نگرانی سیکٹر سکھر کے تمام ڈی ایس پیز کو ہدایات دی گئیں کہ افسران بالا کے حکم کے مطابق پیٹرولنگ گاڑیوں کو الرٹ کیا جائے اور ڈی ایس پی موٹر وے دن رات ہائی وے پر گشت کرتے ہوئے آنے والی گاڑیوں پر نظر رکھیں گے، جس کے بعد رانی پور قومی شاہراہ پر ڈی ایس پی موٹر وے گمبٹ شوکت علی بھٹی کے ہمراہ ایڈمن آپریشن انسپکٹر نثار احمد، سب انسپکٹر ظہور احمد، ہیڈ کانسٹیبل غلام حسین نے دوران گشت رانی پور قومی شاہراہ پر عبدالروف نامی بین الصوبائی کار چور گروہ کا کارندہ گرفتار کرکے کار تحویل میں لے لی، جبکہ ملزم کو ابتدائی تفتیش کے بعد مزید تحقیقات کے لیے پی ایس رانی پور کے حوالے کیا گیا۔ آئی جی موٹر وے ڈاکٹر سید کلیم امام، ایڈیشنل آئی جی موٹر وے ساؤتھ زون ڈاکٹر آفتاب احمد پٹھان اور ڈی آئی جی موٹروے سندھ ملک مطلوب احمد اور ایس ایس پی موٹروے سکھر غلام سرور بھیو نے کامیاب کارروائی کرنے پر کارروائی میں حصہ لینے والے تمام کو شاباش دی اور سی سی سر ٹیفکیٹ سے نوازا۔