اسلام آباد(آن لائن) وفاقی وزیرمواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ کراچی پیکیج کے لیے مختص اربوں روپے زرداری کے اکائونٹس میں نہ ٹرانسفر ہوں، سندھ حکومت ترقی کے نام پر ملنے والے تمام فنڈز زرداری کے اکائونٹس میں منتقل کر دیتی ہے جس کی وجہ سے کراچی تباہ ہو گیا ہے۔ پیپلزپارٹی نے کراچی کو کچرے کا ڈھیر بنا رکھا ہے، ہم کراچی کو ایسا انفرااسٹرکچر دیں گے کہ بارش کا پانی گھروں میں داخل نہ ہو۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے پیپلزپارٹی کے طرز حکومت پر شدید تنقید کی اور مشورہ دیا کہ کراچی کے ایشو پر سیاست نہ کی جائے۔ مراد سعید نے کہا کہ ایک طرف وزیراعظم عمران خان اور ساری قوم کراچی سمیت پورے ملک میں سیلابی صورتحال کے باعث ہونے والے نقصان اور متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے میں مصروف ہیں مگردوسری جانب فرزند زرداری سیاست کرنے میں مصروف ہے۔