وزیراعظم جواب دیں زیادتی کے کیسز میں اضافے کا ذمہ دار کون ہے؟، سراج الحق

674

نارووال:امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دوسالہ دور حکومت میں جرائم میں اضافہ ہوا،حکمرانوں کی نااہلی سے عوام کی عزت بھی محفوظ نہیں،وزیراعظم جواب دیں بڑھتی ہوئی اخلاقی بے راہ روی اور زیادتی کے کیسز میں اضافے کا ذمہ دار کون ہے؟۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے یہ کتنی بے شرمی والی بات ہے کہ دن دیہاڑے موٹروے پر ایک خاتون کی عزت پامال کی گئی، کہاں ہے ہمارا قانون،اس کرپٹ اور فرسودہ نظام نے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کر کے رکھ دیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر سید سیف اللہ خالد گیلانی چیئرمین پاکستان مشائخ کونسل کے ہمراہ مرکزی سیکرٹریٹ مشائخ پاکستان و آستانہ عالیہ غوثیہ قادریہ نارووال کی طرف سے دیے گئے استقبالیہ کے شرکاء سے خطاب اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے احتساب کو تماشا بنادیاہے،وزیراعظم خود کو احتساب کے لیے پیش کرتے ہیں نہ اپنے ارد گرد موجود لوگوں کا محاسبہ کرتے ہیں،وزیراعظم خود کہتے ہیں کہ ان کے ارد گرد مافیاز موجود ہیں مگر یہ نہیں بتاتے کہ ان مافیاز کو وہ اپنے قریب بیٹھنے کا موقع کیوں دیتے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نےکہا کہ سودی نظام نے ملکی معیشت کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے،ہمیں مشترکہ طور پر سودی نظام کے خلاف ایک منظم تحریک چلانے کی ضرورت ہے۔اس سلسلہ میں پاکستان کے علماء و مشائخ کو خانقاہوں سے باہر نکلنا ہوگا۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ کہا کہ اس وقت پوری امت مشکل میں پھنسی ہوئی ہے،انڈیا نے کشمیر کو اپنا حصہ قرار دیکر 12 لاکھ سے زائد ہندوؤں کو مقبوضہ کشمیرکے رہائشی سرٹیفکیٹ لاکر مودی مسلمانوں کو اقلیت قرار دینے کی سازش میں مصروف ہے،دوسری طرف اسرائیل فلسطین پر قبضہ جمائے بیٹھا ہے، وہاں کے مسلمانوں پر ظلم و تشدد کیا جارہا ہے،

ہم ملک میں نظام مصطفیؐ کے نفاذ کے لئے کوشاں ہیں، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی آنے والے بلدیاتی الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی۔