جھنگ: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ لینڈ مافیا ، ڈرگ مافیا ، چینی مافیا اور آٹا مافیا اقتدار کے ایوانوں میں چھپے بیٹھے ہیں، عمران خان کہتے ہیں کہ ان کے ارد گرد بھی مافیاز موجود ہیں ، مگر آج تک وہ کسی پر بھی ہاتھ نہیں ڈال سکے،اسلام دشمن قوتوں نے ہمارے وسائل پر قبضہ کیا اور حکمرانوں کو غلام بنایا، فلسطین اور کشمیر سمیت دنیا بھر میں مسلمانوں کا خون پانی کی طرح بہایا جارہاہے مگر یہ حکمران خاموش ہیں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جھنگ میں شمو لیتی اجتماع اور ملہوانہ موڑ میں خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں ماؤں بہنوں ، بیٹیوں کی عصمتیں لٹ رہی ہیں اور غیر ت و حمیت سے عاری حکمران چپ سادھے بیٹھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں معصوم بچیوں کو درندگی کے بعد بے دردی سے قتل کردیا جاتاہے اور درندے اسی طرح دندناتے پھرتے ہیں، لاہور میں 18 لوگوں کو دن دیہاڑے قتل کردیاگیا اور کراچی میں 260 مزدوروں کو زندہ جلا دیا گیا ان کے قاتل آج تک گرفتار نہیں ہوئے ، جس قتل کے قاتل گرفتار نہ ہوں اس کے قاتل حکمران ہوتے ہیں ۔
امیر جماعت اسلا می نےکہا کہ ملک میں غیر شرعی نظام ہے، عدالتوں میں فرنگی کا قانون چلتاہے، 72سالوں میں ایک دن کے لیے اسلامی نظام نہیں آزمایا گیا،ملک و قوم کے تمام مسائل کا حل اللہ کے نظام میں ہے، جماعت اسلامی ملک میں نظام مصطفی کے نفاذ کی جدوجہد کر رہی ہے ۔
سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ 72 سال میں اقتدار پر مسلط رہنے والے نام نہاد جمہوری حکمرانوں اور مشرف جیسے جرنیلوں نے عوام کی غربت،مصیبتوں اور مشکلات میں اضافہ کیا،غریب ایک وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں اور حکمرانوں نے اندرون اور بیرون ملک اپنی دولت کے انبار لگارکھے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ یہ حکمران اپنی قوم کے دشمن اور پاکستان کے دشمنوں کے دوست ہیں یہ نام تو مدینہ کی ریاست کا لیتے ہیں اور غلام کبھی ٹرمپ ، کبھی بش اور کبھی اوبامہ کے بنتے ہیں، ان حکمرانوں سے عوام نے ایک بارنہیں ہر بار قوم کو دھوکہ دیا ۔
انہوں نے کہاکہ میں ایسا پاکستان چاہتاہوں جس میں ظالم وڈیرہ اور کرپٹ سرمایہ دار کسی غریب کا حق نہ مارسکے اور جاگیردار خدا نہ بنے اور عوام کو کیڑے مکوڑ ے سمجھنے کی بجائے ان کو انسان سمجھیں اور ان کا استحصال نہ کریں،ناجائز ذرائع سے دولت اکٹھی کرنے والوں میں رحم ہے اور نہ ان کا کردار انسانوں جیسا ہے،یہ ان حیوانوں سے بھی بدتر ہیں جو اپنے مالک کے وفادار ہوتے ہیں ۔
سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ یہ عوام کے خون پسینے کی کمائی لوٹ کر بیرونی بنکوں میں جمع کراتے ہیں اور اپنے شیش محلوں اور بنگلوں میں اضافہ کرتے ہیں،ہم چاہتے ہیں کہ غریب اسمبلیوں میں پہنچیں جب غریب ایم پی اے اور ایم این اے بنیں گے تو غریبوں کے مسائل حل ہوں گے اور عوام تعلیم ، صحت اور روزگار کی سہولتیں دینے کے لیے قانون بنائیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ جب چور لٹیرے اور ڈاکو اسمبلیوں میں پہنچتے ہیں تو وہ ایسے لوگوں کے سہولت کار بنتے ہیں جو قومی خزانے کو لوٹتے ہیں وہ عوام نہیں، اپنے مفادات کے لیے کام کرتے ہیں، جب تک غریب اس ظالمانہ اور استحصالی نظام کے خلاف بغاوت نہیں کرتے، کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔
حقیقی تبدیلی اس دن آئے گی جب غریبوں کو ان کا حق ان کی دہلیز پر ملے گا ، جماعت اسلامی اسی انقلاب اور تبدیلی کے لیے جدوجہد کر رہی ہے ۔