ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) دریائے سندھ میں سکھر اور گڈو بیراج سے گزرنے والے نچلی سطح کے سیلاب کے بعد ٹھٹھہ اور سجاول کی حدود سے بھی درمیانی درجے کے سیلاب کا امکان ہے۔ دریائے سندھ میں بڑھتی ہوئی پانی کی سطح کے باعث ٹھٹھہ کے دولھ دریا خان پل سے نیچے ایک لاکھ 85 ہزار کیوسک پانی کی سطح ریکارڈ کی گئی ہے۔ دریائے سندھ کے دونوں طرف ٹھٹھہ اور سجاول اضلاع کے کچے کے علاقوں میں پانی کا زور بڑھنے لگا ہے، جس کی وجہ سے 8 حفاظتی بندوں کو حساس قرار دیا گیا ہے لیکن دونوں اضلاع ٹھٹھہ اور سجاول کی انتظامیہ نے کچے میں مقیم باشندوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا کوئی بھی متبادل بندوبست نہیں کیا ہے۔ انتہائی حساس بندوں میں سونڈا، ھیلایا، پی پی انڈو، شیخانی، سورجانی منارکی، ایم ایس بند پر دریائے سندھ کے پانی کا دبائو بڑھنے لگا ہے۔ محکمہ آبپاسی کے سپرنٹنڈنٹ انجینئر پریتم داس نے بتایا ہے کہ ہر صورتحال سے نمٹنے کے لیے محکمے کے عملے کو الرٹ کیا گیا ہے۔ دریائے سندھ میں نچلی سطح کے سیلاب کے بعد کچے کے علاقوں کے مکینوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔