لاہور(نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے اسلام آباد میں ملائیشین سفارتخانے کا دورہ کیا اور ملائیشین ہائی کمشنر اکرام محمد ابراہیم سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کے مسائل پر تبادلہ خیال ہوا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر نے جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر پر مضبوط اور جرأت مند موقف اختیار اور کشمیر کی آزادی کے لیے آواز بلند کرنے پر ملائیشیا کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوںنے امید ظاہر کی کہ مظلوم کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلانے میں ملائیشیا اپنا بھر پور کردار ادا کرے گا ۔ کشمیر میں بھارت نے12 لاکھ لوگوں کو باہر سے لاکر کشمیر کے رہائشی سر ٹیفکیٹ جار ی کردیے ہیں اور وادی میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی سازشیں کر رہاہے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ فلسطین کی آزادی اور افغان مسئلے کے حل کے لیے بھی ملائیشیا کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔