رحمن ملک نے سنتھیا رچی سے متعلق فیصلہ عدالت عظمیٰ میں چیلنج کر دیا

244

اسلام آباد (آن لائن) پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر رحمن ملک نے سنتھیا رچی کے ساتھ مبینہ زیادتی پر مقدمے کا ہائیکورٹ کا حکم عدالت عظمیٰ میں چیلنج کر دیا ہے۔ رحمن ملک کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ قانون اور حقائق کے برعکس ہے،سنتھیا رچی نے رحمن ملک پر صرف نیم برہنہ کرنے کا الزام عاید کیا ہے،الزام درست مان لیا جائے تو بھی ذیادتی کا کیس نہیں بنتا،ہائیکورٹ نے 9 سال بعد اندراج مقدمے کی درخواست کے
پہلو کو نظرانداز کیا،رحمن ملک نے بطور چیئرمین قائمہ کمیٹی سنتھیارچی کی بے نظیر کے خلاف مہم کا نوٹس لیا تھا،سنتھیا رچی کی درخواست کے ساتھ میڈیکل سمیت کوئی شواہد دستیاب نہیں،سنتھیارچی نے مبینہ واقعے کے وقت سفارتخانے کے ذریعے بھی پولیس سے رجوع نہیں کیا،پولیس کو بھی اندراج مقدمے کی درخواست میں کوئی ٹھوس مواد نظر نہیں آیا۔حکومت سنتھیا رچی کو ملک چھوڑنے کا حکم دے چکی ہے،سنتھیا رچی کی اندراج مقدمے کی درخواست بدنیتی پر مبنی ہے،اسلام آباد ہائیکورٹ نے وکیل کو دلائل کا پورا موقع بھی نہیں دیا۔درخواست میں عدالت عظمیٰ سے اندراج مقدمے کا ہائیکورٹ کا حکم کالعدم قرار دینے کی استدعا کرنے سمیت مقدمہ9 ستمبر کو سماعت کے لیے مقرر کرنے کی بھی استدعا کی گئی ہے ۔