اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے اعلان پر سندھ کے لوگ زیادہ خوش نہ ہوں، سندھ کو 1100 ارب روپے دینے کا وعدہ وہ لوگ کر رہے ہیں جنہوں نے 50 لاکھ گھر اور ایک کروڑ نوکریاں دینے کا
وعدہ کیا تھا، عمران نیازی کا وعدہ نہ پہلے کبھی پورا ہوا ہے اور نہ ہی اب ہوگا، اس حکومت کا ایمان ہے کہ وہ وعدہ ہی کیا جو ایفا ہو۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے فواد چوہدری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے 55 روپے کا ہیلی کاپٹر اڑایا تھا، جنہوںنے آئی ایم ایف نہیں جانا تھا اورملکی ترقی کو 10فیصد جی ڈی پی پر لے کر جانا تھا، جنہوں نے کے پی کے میں احتساب کا ادارہ ہی بند کردیا۔ یہ کرپٹ اور جھوٹے لوگ ہیں یوٹرن لیتے ہیں۔ یہ لوگ جن لوگاں کو چور اور کرپٹ کہتے ہیں آج تک ان کے لگائے ہوئے منصوبوں پر اپنی تختی لگارہے ہیں ان کو شرم آنی چاہیے۔