ٹھٹھہ، بارش کے بعد مویشیوں میں بیماریاں پھیلنے لگی ، کئی جانور ہلاک

227

 

ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) ٹھٹھہ کے کوہستانی علاقے جھمپیر میں حالیہ برساتوں کے بعد مال مویشی میں مختلف بیماریاں پھیلنے لگیں، کئی جانور ہلاک، محکمہ لائیو اسٹاک گہری نیند میں سویا ہوا ہے، مویشی مالکان سخت پریشان، حالیہ برسات کے بعد ٹھٹھہ کے کوہستانی علاقے جھمپیر میں مختلف بیماریاں پھیلنے سے کئی جانور ہلاک ہوگئے ہیں، جس کی وجہ سے مالکان سخت پریشان ہیں۔ اس سلسلے میں جھمپیر کے نزدیک گائوں گوٹھ علی محمد سومرو اور دیگر گوٹھوں کے رہائشیوں عبدالشکور سومرو، لکھاڈنو، یار محمد، شیر محمد سومرو اور دیگر نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے شکایت کی کہ برسات کے باعث ان کے اور دیگر گائوں میں جانوروں میں مختلف بیماریاں پھیلنے لگی ہیں اور کئی جانور ہلاک بھی ہوگئے ہیں۔ جھمپیر میں موجود جانوروں کا اسپتال ہمیشہ بند رہتا ہے اور عملہ گھر بیٹھے تنخواہیں لینے میں مصروف ہے جبکہ ہمارے بچے کچے بیمار جانوروں کا علاج کرنے والا کوئی بھی نہیں ہے جس کی وجہ سے مزید جانوروں کی ہلاکت کا خدشہ ہے۔ انہوں نے صوبائی وزیر لائیو اسٹاک اینیمل ہسبینڈری سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ جھمپیر اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں مویشی کی ویکسین سمیت جلد علاج کروانے کے احکامات جاری کیے جائیں اور جانوروں کے اسپتال کو کھلوا کر اس میں عملہ مقرر کیا جائے جو گھر بیٹھے تنخواہیں اٹھا رہا ہے اگر ہمیں پریشانی سے نہیں بچایا گیا تو دوسری صورت میں احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔