وبا کے دوران امریکی پابندیوں پر کسی دوست ملک نے ساتھ نہیں دیا ، ایرانی صدر

158

 

تہران(مانیٹرنگ ڈیسک) ایران کے صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ کورونا وبا کے دوران بھی کسی دوست ملک نے امریکی پابندیاں ختم کروانے کے لیے آواز نہیں اْٹھائی۔حسن روحانی نے اقتصادی پابندیوں پر امریکا پر سخت کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وبا کے دوران بھی ان پابندیوں کو نرم نہ کرکے امریکا نے ثابت کردیا کہ اسے انسانیت کا پاس بھی نہیں، امریکا کو عالمی وبا کی وجہ سے پیدا ہونے والی بحرانی کیفیت کو مدنظر رکھنا چاہیے تھا۔ ایرانی صدر نے امریکی پابندیوں کی مخالفت نہ کرنے پر دیگر عالمی قوتوں اور دوست ممالک کو بھی ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ایران کے ’دوست‘ ممالک نے بھی امریکا کے یکطرفہ اقدامات اور پابندیوں کی مخالفت میں خاموشی اختیار کیے رکھی اور کسی نے ایران کا ساتھ نہ دیا۔واضح
رہے کہ امریکا نے 2018 ء میں ایران کے ساتھ عالمی جوہری ڈیل میں توسیع کرنے سے انکار کرتے ہوئے یکطرفہ طور پر معاہدے سے علیحدگی اختیار کرلی تھی اور جس کے بعد سے تاحال ایران پر سخت اقتصادی اور سفارتی پابندیاں عاید کی ہوئی ہیں۔