صوبوں کے حقوق کے لیے وفاق میں پی پی کی حکومت ضروری ہے‘ بلاول

155

 

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ صوبوں کے حقوق کے لیے وفاق میں پی پی کی حکومت ضروری ہے‘کراچی میں دہشت گردوں کا راج ختم ہوچکا‘ اب کراچی کو جیالے چلائیں گے ‘اب یہاں ترقی و خوشحالی کا دور شروع ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کے ضلع وسطی اور غربی میں بارش سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران کارکنان و شہریوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بلاول کا جگہ جگہ والہانہ استقبال کیا گیا‘ان کی گاڑی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں گئیں اور جیئے بھٹو کے نعرے بھی لگائے۔بلاول زرداری ناظم آباد، ناگن چورنگی، نیو کراچی اور سرجانی ٹاؤن سے ہوتے ہوئے یوسف گوٹھ پہنچے۔ اس موقعے پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، ناصر حسین شاہ،
سعید غنی، وقار مہدی، اویس شاہ، راشد ربانی، شاہدہ رحمانی، لیاقت آسکانی اور دیگر رہنما بھی پی پی چیئرمین کے ساتھ تھے۔کے ڈی اے چورنگی اور یوسف گوٹھ میں خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ کراچی کو اب جیالے چلائیں گے اور شہر کے بنیادی مسائل حل کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گرین لائین کی وجہ سے ڈرینیج کا سسٹم بری طرح متاثر ہوا ہے، جسے ٹھیک کرنا ہے۔ نالوں کو صاف کریں گے مگر کام انصاف کے ساتھ کریں گے۔ آپ کسی کا گھر نہیں گرائیں گے، جب تک آپ متاثرین کو متبادل گھر فراہم نہیں کرتے۔ انہوں نے عوام کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت آپ کے ساتھ ہے، بارش متاثرین کے نقصان کا ازالہ کیا جائے گا۔ اگر عوام ساتھ دیں تو ہم وفاق سے این ایف سی ایوارڈ کا حق چھین کر لیں گے اور عدالت عظمیٰ کو بھی درخواست کریں گے کہ وہ کراچی کا رکھا ہوا پیسہ حکومت سندھ کے حوالے کرے تاکہ عوام کے درپیش مسائل حل کیے جاسکیں۔بلاول نے آج قوم کی جانب سے یومِ دفاع منائے جانے کے موقعے پر نشاندھی کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری نے اپنے دور صدارت کے دوران فوجی جوانوں کی تنخواہوں میں 175 فیصد اضافہ کیا تھا۔ پیپلز پارٹی کی وفاق میں حکومت ہونا ضروری ہے تاکہ صوبوں کو این ایف سی کا حق ملے، تنخواہوں و پینشنز میں اضافہ ہو اور عوام کو روزگار ملے۔