لاہور (نمائندہ جسارت) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا کراچی جانا تبدیلی ہے‘ کراچی کو فوج ٹھیک کرے گی‘ نوازشریف کو چاہیے کہ وہ 10 ستمبر کو وطن واپس آجائیں‘ اگر نہ آئے تو ان کی پارٹی2 حصوں میں تقسیم ہو جائے گی اور (ن) سے (ش) نکل جائے گا‘ پی پی اورن لیگ فضل الرحمن کے کہنے پر اسمبلیوں سے استعفے نہیںدیں گی اور نہ ہی کوئی تحریری معاہدہ کریں گی‘ اے پی سی ٹائیں ٹائیں فش ہے‘بارش کے علاوہ ٹرین لیٹ ہوئی تو افسران ذمے دار ہوں گے‘ گندم اور یورو فائیو تیل کی ریلوے کے ذریعے ترسیل کریں گے۔ وہ ہفتے کو ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا کراچی جانا بڑی تبدیلی ہے‘ پاک فوج کراچی کے معاملات کو ٹھیک کرے گی۔ وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ وزیر اعظم نے عاصم سلیم باجوہ کا استعفا قبول نہیں کیا ‘وہ اپنی منی ٹریل دیںگے‘ سابق حکومتوں کی ناقص پالیسیوں نے ملکی معیشت کو تباہ کیا ہے‘ وزیر اعظم عمران خان معیشت کو ٹھیک کر رہے ہیں۔ شیخ رشید نے کہا کہ شہباز شریف کی سیاست گھر میں قید ہو گئی ہے‘ (ش) لیگ کا ایک بھی بندا مریم صفدر کی پیشی پر نہیں گیا‘شہباز شریف نے نواز شریف کی واپسی کے لیے کوششیں کی ہیں‘ مریم صفدر ایک سال خاموش رہیں کہ لندن جانے کی لاٹری نکل آئے لیکن ناکامی پر مریم نواز نے نیب کی عمارت پر پتھرائو کرایا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں بہتری کی فضا بن رہی ہے‘ سیاسی جماعتیں فضل الرحمن کے پیچھے اپنی سیاسی عاقبت خراب نہیں کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جس طرح کا رویہ اپنائے گی ویسا ہی حکومت ردعمل دے گی‘ اپوزیشن اور فضل الرحمن کے ہاتھوں ہماری سیاسی موت نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایل ون کا انٹرنیشنل ٹینڈر 12 ستمبر کو جاری کیا جائے گا‘ کے سی آر کا11کلو میٹر تک کا ٹریک مکمل کرلیا ہے۔