لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) سندھ فوڈ اتھارٹی کی باڈھ اور وارہ شہر سمیت مختلف علاقوں کے ہوٹلوں پر کارروائیاں، ہوٹلوں پر کیمیکل ملا دودھ ضائع کر کے ہوٹلوں کو سربمہر کرنے سمیت جرمانے عائد کیے گئے۔ سندھ فوڈ اتھارٹی کی ڈائریکٹر عائشہ جونیجو کی ہدایات پر فوڈ سیفٹی ٹیم نے مختلف شہروں کے بیشتر ہوٹلوں پر کارروائی کر کے ہوٹلوں پر کیمیکل ملا دودھ اور ناقص خوردنی تیل استعمال کرنے سمیت حفظان صحت کے اصولوں کیخلاف اشیاء خورونوش پائے جانے پر 5 ہوٹلوں کو سربمہر کر کے جرمانے عائد کیے گئے۔ عائشہ جونیجو کا کہنا تھا کہ چھوٹے شہروں اور قصبوں کے ہوٹلوں پر زیادہ ملاوٹ پائی گئی ہے، فوڈ سیفٹی ٹیمیں ہوٹلوں کا معائنہ کررہی ہیں، تمام ہوٹل مالکان کو سندھ فوڈ اتھارٹی کے اصولوں کا پابند بنانے کے ساتھ لائسنس حاصل کرنے کا پابند کیا جائے گا، ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ہوٹلوں کو سیل کر کے بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔