ہماری طرح عاصم باجوہ پر بھی نیب قوانین کا اطلاق ہوتا ہے ، شاہد خاقان

95

 

لاہور(نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ عاصم سلیم باجوہ اب سویلین ہیں، نیب سے مستفید ہونا پڑسکتا ہے، ہماری طرح عاصم باجوہ پر بھی نیب قوانین کا اطلاق ہوتا ہے، احتساب کے ساتھ اس بات کا حامی ہوں جب تک کسی پر جرم ثابت نہیں ہوتا ، وہ بے گناہ ہوتا ہے۔ انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ نوازشریف کی واپسی اور علاج سے متعلق ہماری پچھلے دو دنوں میں مشاورت ہوئی ہے کہ میاں صاحب علاج کو ترجیح دیں اور علاج مکمل کروا کے واپس آئیں۔انہوں نے کہا کہ نئے انتخابات اور ان ہاؤس تبدیلی کے بارے میں 20 ستمبر کو فیصلہ ہوگا۔ انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ عاصم سلیم
باجوہ کے استعفا دینے کا معاملہ حکومت کا ہے، آپس میں طے کرلیں۔لیکن بات یہ ہے کہ عاصم باجوہ بھی ہماری طرح ہیں، نیب سے مستفید ہوسکتے ہیں۔ احتساب کی بات یہ ہے کہ میں اس بات کا حامی ہوں جب تک جرم ثابت نہیں ہوتا ، تب تک بے گناہ ہوتے ہیں۔یہ انصاف کے تقاضے ہیں، جو ملک میں نہیں ہیں۔عاصم باجوہ بھی اب سویلین ہیں، ان پر نیب قوانین کا اطلاق ہوتا ہے، جس طرح ہم سب نیب سے مستفید ہو رہے ہیں، ان کو بھی ہماری طرح نیب سے مستفید ہونا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کا بیانیہ ایک ہی ہے، ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ ہے، ملک آئین وقانون کے مطابق چلے، یہ بیانیہ ہے، مجھے کوئی پاکستانی نہیں ملا جو اس بیانیے سے اختلاف کرے۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی اے پی سی میں شرکت کا فیصلہ نہیں ہو سکا۔