کراچی(اسٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے اپنے دورے کے دوران کراچی کے لیے پیکج کا اعلان کیا ہے جو کہ ایک مثبت بات ہے۔بلاول زراری نے کراچی کے ضلع ویسٹ کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ 800 ارب روپے سندھ حکومت کے ہیں اور 300 ارب روپے وفاق دے رہا ہے یہ اچھا اقدام ہے۔بلاول نے کہا کہ وزیراعظم کو صرف کراچی ہی نہیں بلکہ پورے صوبے کے لیے
اقدامات اٹھانے ہونگے کیونکہ پورے صوبے میں بارشوں سے بہت زیادہ نقصان ہواہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم پورے صوبے کے لیے ایسے اقدامات کرے جیسے 2010 ء میں وفاقی حکومت نے صوبے میں بارشوں کے دوران کیے تھے۔انہوں نے بتایا کہ2010ء میں بارش اور سیلاب متاثرین کو وطن کارڈ اور پاکستان کارڈ بناکر پیسے تقسیم کیے تھے۔ بلاول نے بتایا کہ کراچی، سانگھڑ، ٹھٹھہ، میرپور خاص عمرکوٹ سمیت دیگر اضلاع بارش سے شدید متاثر ہوئے ہیں جبکہ دریائے سندھ میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے، جس سے ابھی صوبے میں مزید خطرات ہیں۔