ن لیگ کی سیاسی قوت کوئی ختم نہیں کرسکتا، حمزہ شہباز

105

لاہور (نمائندہ جسارت) اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ ن لیگ کی سیاسی قوت کو کوئی ختم نہیں کرسکتا، جب تک پی ٹی آئی برسر اقتدار رہے گی اس وقت تک ملک میں عدم استحکام رہے گا۔شہباز شریف کا پنجاب آج سیاسی نابالغ اور نہ تجربہ کاروں
کے رحم و کرم پر ہے لاہور مکمل ڈوب گیا اس کی سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کر رہی ہیں ،بزدار حکومت نے مون سون سے قبل کوئی حکمت عملی تیار نہ کی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع شیخوپورہ سے تعلق رکھنے والے رکن صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 138 میاں عبدالرؤف کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز ،کیپٹن (ر)صفدر اور دیگر لیگی رہنماؤں اور کارکنوں کیخلاف ایف آئی آر میں دہشت گردی کی دفعات شامل کرنا انتہائی شرمناک اور قابل مذمت ہے حکومت کا اپوزیشن کو دیوار کے ساتھ لگانے کا خواب کبھی پورا نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی ضمانت میں توسیع نہ کرنے کے فیصلے کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کرینگے۔