فرانسیسی صد کا بیان مسلمانوں سے نفرت پر مبنی ہے ، دنیا کا امن خطرے میں پڑ گیا ، سراج الحق

624
کراچی :امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق یوسف گوٹھ ‘ عبداللہ گوٹھ اور بارش سے متاثرہ دیگر علاقوں کا دورہ اور میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں

 

لاہور (نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے فرانسیسی صدر عمانویل میکرون کے بیان کہ ’’اگر مسلمانوں کو فرانس کی شہریت چاہیے تو انہیں مذہب کی توہین برداشت کرنی ہوگی‘‘پر اپنے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ فرانس کے صدر کا یہ بیان بنیادی انسانی حقوق کی سراسر خلاف ورزی ہے ، حالانکہ اقوام متحدہ کے چارٹر میں تمام مذاہب کی مقدس و محترم شخصیات کے احترام کو لازم قرار دیا گیاہے ۔ عمانویل میکرون کا یہ بیان تعصب ، مسلمانوں سے نفرت اور معاندانہ رویے
پر مبنی ہے جس سے تعصب اور نفرت میں مزید اضافہ ہوا ۔ انہوںنے کہاکہ کسی بھی جمہوری ملک کے ذمے دار عہدے دار سے ایسے بیان کی توقع نہیں کی جاسکتی جس سے اس کے ملک کے شہریوں کے باہمی تعلقات میں دراڑ آئے اور معاشرے میں باہمی کشیدگی میں اضافہ ہو ۔ انہوںنے کہاکہ فرانسیسی صدر کے اس بیان سے دنیا بھر کے انسانوں میں نفرتوں کی خلیج بڑھے گی اور انسانیت مزید تقسیم در تقسیم ہو گی ۔ مختلف مذاہب کے ماننے والوں کے درمیان فاصلے بڑھنے سے عالمی امن کے لیے مزید خطرات پیدا ہو جائیں گے ۔