لاہور (آن لائن) مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ قومی اور پنجاب اسمبلی میں پاکستان مسلم لیگ (ق) کا حکومت کے ساتھ اتحاد ایشوز اور قانون سازی کے حوالے سے ہے لیکن اسمبلیوں کے باہر تمام سیاسی جماعتوں کا اپنا اپنا کردار ہے۔ پنجاب اسمبلی میں نئی تعمیر کی جانے والی مسجد کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے
ہوئے چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ آج تمام اراکین پنجاب اسمبلی کے لیے خوشی کا دن ہے اور ہم تمام خوشیوں میں اسمبلی کے اقلیتی اراکین کو بھی شامل کرتے ہیں اور ان سے فیصلوں میں مشورے اور تجاویز لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ پنجاب اسمبلی میں تمام فقہ سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی موجود ہیں جن سے ہر فیصلے پر مشاورت کی جاتی ہے، مختلف سوالات کا جواب دیتے ہوئے پرویز الٰہی نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کی زیر تعمیر عمارت پر تین شفٹوں میں تیزی سے کام جاری ہے اور توقع ہے کہ مذکورہ عمارت نومبر کے تیسرے ہفتے میں مکمل کر لی جائے گی اور نومبر کے بعد اسمبلی کا پہلا اجلاس نئی عمارت میں منعقد ہو گا۔