لاڑکانہ، مسلح افراد کی فائرنگ سے 45 سالہ شخص قتل

157

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ شہر کے تھانہ سول اسپتال ایس ایس پی روڈ پر موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے فائرنگ کرکے میہڑ تحصیل کے گاؤں خان جتوئی کے رہائشی 45 سالہ عبدالجبار خاصخیلی کو شدید زخمی کردیا، واقعے کی اطلاع پر پولیس نے پہنچ کر زخمی کو تشویشناک حالت میں چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا، جہاں زخموں کے تاب نہ لاتے ہوئے زخمی دم توڑ گیا۔ اس موقع پر مقتول کے ورثا نے بتایا کہ مقتول کی بیٹی حفیظان کی شادی کچھ عرصہ قبل لاڑکانہ شہر کے نذر محلے کے رہائشی محبت چانڈیو سے ہوئی، حفیظان کو اس کا شوہر پیسے نہیں دیتا تھا، تاہم چند روز قبل حفیظان کو اس کے والد عبدالجبار اپنے گھر لے آئے، جس معاملے پر ملزم محبت چانڈیو نے اپنے سسر عبدالجبار کو گولیاں مارکر قتل کردیا۔ دوسری جانب پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی گئی۔ آخری اطلاع تک واقعے کا مقدمہ درج نہیں ہوسکا اور نہ کوئی گرفتاری عمل میں آسکی۔ لاڑکانہ کے قریب بیڑو چانڈیو کے علاقے میں 10 سالہ بچی فرحانہ رند دیوار گرنے سے ملبے تلے آکر شدید زخمی ہوئی، جسے ورثا نے زخمی حالت میں چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا، جہاں انہیں طبی امداد دی گئی۔