سکھر (نمائندہ جسارت) دریائے سندھ میں طغیانی، سکھر گڈو بیراج کے مقامات پر اونچے درجے کے سیلاب کے حوالے سے ہائی الرٹ جاری کردیا گیا۔ محکمہ آبپاشی کے مطابق 8 سے 9 ستمبرکے دوران گڈو اور 9 سے 10 ستمبر کے دوران سکھر کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہوگا، دریائے سندھ میں اس وقت گڈو کے مقام پر درمیانے درجے اور سکھر کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دریائے سندھ میں پانی کی تیزی سے آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ دریائے سندھ میں پانی کی سطح تیزی سے بلند ہورہی ہے، 24 گھنٹے میں سطح آب کئی ہزار کیوسک بڑھ گئی، گڈو بیراج پر درمیانے اور سکھر بیراج پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔ سطح آب بڑھنے کے ساتھ ساتھ کچے کے علاقے بھی تیزی سے زیر آب آنے لگے۔ کئی دیہات زیر آب آگئے، گڈو بیراج پر پانی کی آمد 4 لاکھ سے تجاوز کرگئی۔ آئندہ چند گھنٹوں میں مزید اضافے کا امکان۔ دریائے سندھ میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کے ساتھ ہی حفاظتی پشتوں اور بندوں پر بھی دباؤ بڑھ گیا۔ گڈو بیراج پر پانی کی آمد 4 لاکھ 296 کیوسک اور اخراج 3 لاکھ 94 ہزار 076 کیوسک ہوگیا۔ سکھر بیراج پر پانی کی آمد 3 لاکھ 7 ہزار 025 اور اخراج 2 لاکھ 91 ہزار 125 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ سکھر، کوٹری بیراج پر پانی کی آمد 1 لاکھ 76 ہزار 442 کیوسک اور اخراج 1 لاکھ 76 ہزار 092 کیوسک ہوگیا۔ چاچڑاں کے مقام پر پانی کی سطح تیزی سے بڑھ رہی ہے جس کی وجہ سے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران دریائے سندھ میں مزید پانی آنے کا امکان ہے۔