نیویارک(جسارت نیوز)برطانیہ کے 33سالہ ٹینس اسٹار اینڈی مرے نے کہا ہے کہ شائقین کے بغیر کھیل پیش کرنا ان سمیت تمام کھلاڑیوں کیلئے ایک مشکل تجربہ ثابت ہو سکتا ہے۔خیال رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کی شدت میں بہتری کے بعد کھیل کے میدان سجنے لگے ہیں۔ نیویارک میں بھی یو ایس اوپن کے مقابلے شروع ہو چکے ہیں۔برطانیہ سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی اینڈی مرے کا پہلا مقابلہ جاپانی کھلاڑی سے طے ہے۔ خیال رہے کہ 2019 میں انجری پرابلم اور بعد ازاں کووڈ 19 کی وبا کے بعد یہ ان کا پہلا میچ ہوگا۔اینڈی مرے نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ خالی میدان میں بغیر شائقین کے کھیلنا تمام کھلاڑیوں کیلئے ذہنی طور پر ایک مشکل ہو سکتا ہے۔تاہم ان کا کہنا تھا کہ ٹینس کے کھیل کا لیول زیادہ معنی رکھتا ہے۔ تاہم شائقین کے بغیر خالی میدان میں کھیلنے کے عجیب تجربے کیلئے میں ذہنی طور پر خود کو تیار کر رہا ہوں۔