لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) لاڑکانہ شہر اور گردو نواح میں حالیہ بارشوں کے بعد کئی مکان گرگئے تاہم حکومتی سطح پر متاثرین کی کوئی مالی مدد نہ کی گئی اور نہ گندے پانی کی نکاسی کے لیے کوئی انتظامات کیے گئے ہیں۔متاثرین نے حکومت سندھ سے مالی مدد اور برساتی پانی کی نکاسی کرنے کی اپیل کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ شہر اور گرد و نواح میں ایک ہفتے تک جاری رہنے والی بارشوں کے بعد شہر کے متعدد علاقوں میں سے برساتی پانی کی نکاسی نہ کرنے کے باعث کچے اور پکے مکانانات گرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، لاڑکانہ شہر کی یونین کمیٹی 7 محلہ شاہو بوراہو میں ایک ہفتے کے دوران 10 سے زائد گھر گر کر مسمار ہوچکے جبکہ کئی گھروں میں برساتی پانی داخل ہوگیا اور متعدد گھروں کی دیواریں زبوں حال ہونے کے بعد کسی وقت بڑے سانحہ کو جنم دے سکتی ہیں تاہم میونسپل و ضلعی انتظامیہ کی جانب سے برساتی پانی کی نکاسی کرنے کے لیے کوئی بھی انتظامات نہیں کیے ہیں، حالیہ بارشوں کے بعد بے گھر ہونے والے متاثرین علی بخش بروہی، وزیر علی بروہی، نیاز علی بروہی، ہاشم بروہی، گل حسن بروہی، امتیاز علی بروہی، خداداد بروہی اور ہاشم بروہی و دیگر نے حکومت سندھ سے اپیل کی ہے کہ جلدازجلد برساتی پانی نکال کر ان کی مالی مدد کی جائے۔