نوشہرہ (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر دفاع پرویز خٹک کے بلند و بانگ دعوؤں سے بھری وڈیوو وائرل ہوگئی جس میں وہ کہتے دکھائی دے رہے ہیں کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان تو ان کے بغیر ہل نہیں سکتے۔نوشہرہ میں 29 اگست کو ہوئے جلسے کی وائرل ہونے والی وڈیو میں پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ فنڈز کا غلط استعمال کرنے والے کرپٹ عناصر کے خلاف تحقیقات کریں گے ۔سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھاکہ صوبے کا وزیراعلیٰ میرے بغیر ہل نہیں سکتا جو میں کہتا ہوں وزیراعلیٰ وہی کرتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے حلقے کے ہر خاندان کو جا نتے ہیں کہ کون صحیح اور کون غلط ہے، ان
کے سامنے گاؤں کے خلاف کوئی بات کرے گا اس کے منہ پر تھپڑ ماریں گے، ان کا بھائی اور بھتیجا بھی ان کے بغیر ایک قدم آگے نہیں جاسکتے۔ وائرل وڈیو کے حوالے سے اپنا ردعمل دیتے ہوئے پرویز خٹک نے جیونیوز سے گفتگو میں کہاکہ سوشل میڈیا پر وائرل وڈیو کارکنوں کے ساتھ غیر رسمی اجلاس تھا، تحریک انصاف نے ہمیشہ کرپشن کے خلاف جہاد کیا ہے۔پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ ان کے حلقے میں 3 پارٹی کارکنوں پرکرپشن ثابت ہوئی جس پر ان کو پارٹی سے نکال دیا ہے، انہوں نے اپنے دورحکومت میں ارکان اسمبلی کو بھی کرپشن کے الزام پر پارٹی سے نکالا ہے۔پرویز خٹک نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محمود خان صوبے کے چیف ایگزیکٹو اور میرے دوست ہیں،وزیراعلیٰ ہمارے ساتھ مشاورت سے کام کررہے ہیں۔