اسلام آباد ( نمائندہ جسارت) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کی سالمیت کا تحفظ کرے گا ‘حوثی باغیوں کی سعودی عرب میں شہری آبادی اور عسکری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پیرکو پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات، مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دو طرفہ تعلقات گہرے اور تاریخی نوعیت کے ہیں‘ حرمین شریفین کا تقدس ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے‘ سعودی عرب کی علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے پاکستان، سعودی عرب کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا دکھائی دے گا‘ وہ سعودی وزیر توانائی عبدالعزیز بن سلمان اور سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود کے متوقع دورہ
پاکستان کے متمنی ہیں‘ ہمیں توقع ہے کہ سعودی حکومت کورونا پر قابو پانے کے بعد ملازمتوں سے برخاست کیے گئے پاکستانی کارکنان کی واپسی اور روزگار کی دوبارہ فراہمی کے حوالے سے خصوصی اقدامات کرے گی۔ علاوہ ازیں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ سے بھی ملاقات کی اور باہمی امورکے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر سعودی سفیر نے کہا کہ کورونا وبا پر قابو پاتے ہی پروازیں بحال کردی جائیں گی‘ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب یک جان دو قالب ہیں۔