عوام سابق حکمرانوں سے زیادہ موجودہ حکومت سے خائفہ ہیں،سراج الحق

212

دیر(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ حکومت اپنے کسی ایک وعدے کو بھی پورا نہیں کر سکی ۔ عوام سابق حکومتوں سے زیادہ موجودہ حکومت سے خائف نظر آتے ہیں ۔ تبدیلی کے نام پر رچایا گیا ڈراما فلاپ ہوگیا ہے ۔ جاگیردارانہ سیاست نے قوم کا مستقبل تاریک اور نسلوں کو تباہ کیا ۔ حکومت اعلانات تک ہی محدود رہی، اقدامات نظر نہیں آئے ۔ پاکستان معاشی بدحالی سے دوچار ہے اور معیشت افغانستان اور بھوٹان سے بھی پیچھے چلی گئی ہے ۔ حکومت کی معاشی پالیسیاں کشکول کی مرہون منت ہیں ۔ روزگار کی آس میں نوجوان رل گئے ہیں ۔ حکومت نے سب سے زیادہ نوجوانوں کے ارمانوں کا خون کیا ۔ نئے لوگوں کو روزگار کے بجائے حکومت نے لاکھوں بر سر روزگار افراد سے بھی روزگار چھین لیا ہے۔جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق ان خیالات کااظہار انہوںنے دیر میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ تبدیلی کے نام پر آنے والی حکومت کسی ایک شعبے میں مثبت تبدیلی نہیں لاسکی البتہ ہر جگہ منفی تبدیلیاں نظر آتی ہیں ۔ معیشت بہتر ہونے کے بجائے مزید خراب ہوگئی ہے ۔ مہنگائی پہلے سے کئی گنا بڑھ گئی ہے ۔ بے روزگاری میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے اور لاکھوں لوگ روزگار سے محروم ہو گئے ہیں ۔ احتساب کے بلند بانگ دعوے کرنے والوں نے احتساب کو بھی مذاق بنا کر رکھ دیاہے ۔ جن لوگوں کا احتساب ہونا چاہیے تھا ، وہ خود حکومت میں بیٹھے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم نے 2 سال میں اگر قوم سے کیا گیا ایک وعدہ بھی پورا کیا ہے تو وہ بتائیں ۔ انہوںنے کہاکہ کراچی میں وفاقی صوبائی اور شہری حکومتیں ڈوبنے والوں کو بچانے کے بجائے ایک دوسرے کا گریبان پھاڑنے پر تلی ہوئی ہیں ۔ 4 دن بعد بھی کراچی سے بارش کا پانی نہیں نکالا جا سکا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ظالم جاگیرداروں اور مافیا زکا مسلط کردہ استحصالی نظام عام آدمی کی خوشیوں کا قاتل ہے ۔یہ نظام جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کے مفادات کا محافظ ہے اورغریبوں کے لیے اس نظام میں کچھ نہیں ۔ انہوںنے کہاکہ عوام مایوس ہوچکے ہیں ان کی ساری امیدیں دم توڑ چکی ہیں مگر حکمران اب تک لوگوں کو سبز باغ دکھانے اور رات کو دن بتانے پر تلے ہوئے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ اپوزیشن جماعتوں نے ایف اے ٹی ایف کے دبائو پر ہونے والی قانون سازی میں حکومت کا ساتھ دے کر عوام کو مایوس کیا ۔