حسن روحانی کی ملائشین صدر کو دورہ ایران کی دعوت

521

تہران: ایرانی صدر حسن روحانی نے ملائشیا کے صدر سلطان عبداللہ کو ایران آنے کی دعوت  دی جس کا مقصد مسلم دنیا کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کرنا اور دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنا ہے۔

غیر ملکی نیوز ایجنسی کے مطابق حسن روحانی نے ملائشیا کے یومِ آزادی کے موقع پر ملائشیا کے صدر سلطان عبداللہ کو خط کے ذریعے ایران کے سرکاری دورے پر آنے کی دعوت دی ہے۔

ایرانی صدارتی دفتر کے مطابق حسن روحانی نے خط میں سلطان عبداللہ اور ملائشین عوام کو یومِ آزادی کی مبارکباد دی کہ انہوں نے اس دن 1957 میں برطانوی تسلط سے آزادی حاصل کی تھی۔

حسن روحانی نے سلطان عبداللہ کو دورہ ایران پر آنے کی دعوت دی جس کا مقصد مسلم دنیا کو درپیش چیلنجز جیسے فلسطین پر اسرائیل کے قبضے کا مسئلہ اور دونوں ممالک میں تعاون کو مزید مستحکم کرنا ہے۔