کراچی: دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی یوم عاشور 10 محرم الحرام مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا۔
نواسہ رسول ؐحضرت امام حسینؓ اور ان کے ساتھیوں کی اسلام کی سربلندی اور حق و صداقت کے لیے میدان کربلا میں دی گئی عظیم قربانی کی یاد میں کراچی سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں میں جلوس نکالے گئے۔
کراچی میں محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا، جلوس سے پہلے علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے مجلس پڑھائی، جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ ایرانیاں حسینیاں پر پہنچ کر اختتام پزیر ہوا۔
لاہور میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نثار حویلی اندرون موچی گیٹ سے برآمد ہوا اور روایتی راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔
اس کے علاوہ پشاور، راولپنڈی، ملتان، حیدر آباد، سکھر، بنوں اور دیگر شہروں میں بھی محرم الحرام کے جلوس روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے اختتام پذیر ہوئے۔
اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
سیکیورٹی کے پیش نظر کراچی، کوئٹہ، لاہور، راولپنڈی اور جہلم سمیت مختلف شہروں میں موبائل فون سروس معطل رہی جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔