ملتان(صباح نیوز)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہمقبوضہ کشمیر کے عوام کی منزل جبر سے آزادی ہے،بھارت نے خوف کی وجہ سے مقبوضہ کشمیر میں جبر جاری رکھا ہوا ہے، مقبوضہ کشمیر میں مذہبی آزادی پر بھی قدغن ہے،انسانی حقوق کے علمبرداروں کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لینا ہوگا ۔ ملتان میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حسینیہ کانفرنس سے یکجہتی کا پیغام جاتا ہے اور معاشرے میں تفریق پیدا کرنے والے عناصر کے عزائم کو ناکام بنانا اجتماعی ذمے داری ہے۔انہوں نے کہا کہ فرقہ واریت کے خاتمے اور ہم آہنگی کے فروغ میں علما ئے کرام اور مشائخ کا اہم کردار ہے۔ہر زمانہ حسینؓ کا ہے اور آخری فتح حق ہی کی ہوتی ہے۔ دنیا میں امام حسینؓ کے فلسفے کو سمجھنے کی کوشش کی
جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حسینیت کا فلسفہ انسان کو خوف سے آزادی دلاتا ہے اور مقبوضہ کشمیر کے عوام اسی فلسفے پر عمل کرکے جدوجہد آزادی جاری رکھے ہوئے ہیں، وادی میں آج عزاداری اور محرم کے جلوسوں پر پابندی ہے، وہاں مذہبی آزادی پر بھی قدغن ہے اور عید کی نماز کی بھی اجازت نہیں دی گئی تھی، انسانی حقوق کے علمبرداروں کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لینا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے خوف کی وجہ سے جبر جاری رکھا ہوا ہے،انسانی حقوق کے علمبرداروں کو بہت سی کوتاہیاں تو دکھائی دیتی ہیں لیکن کشمیر میں ہونے والے مظالم دکھائی نہیں دیتے۔کراچی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی کے لیے دعا کریں، آج کراچی والے مشکلات سے دوچار ہیں، وہاں سیوریج ، نکاسی اور پانی کا کوئی انتظام نہیں کیا گیا، کراچی میں انتظامیہ نے اپنی تجوریاں بھریں، شہر کو اس کے حال پر چھوڑ دیا، کراچی میں کسی قسم کی کوئی منصوبہ بندی نہیں کی گئی ۔