اسلام آباد(صباح نیوز )اختیارات کے مبینہ ناجائز استعمال پرسکھر کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سہیل محمد لغاری کے خلاف عدالت عظمیٰ میں درخواست دائرکردی گئی۔ جمعہ کو محمد شریف نامی شہری نے در خواست دائر کی، جس میںموقف اختیارکیا گیاہے کہ ماتحت عدالتوں میں مقدمات کی ایک عدالت سے دوسری عدالت میں منتقلی روایت بن چکی ہے جس سے پاکستان کا عدالتی نظام تباہ ہو چکا ہے۔جج سہیل لغاری نے اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے قتل کے کیس کودوسری عدالت میں منتقل کیا۔ کیس منتقلی کی درخواست دائر کرنے والوں کا مقدمے سے کوئی تعلق نہیں،اس کیے22اگست کو کیس ٹرانسفر کرنے کے حکمنامہ کو بدنیتی پر مبنی قرار دے کر کالعدم قرار دیا جائے اور سیشن جج سکھر سہیل محمد لغاری کے خلاف انکوائری کا حکم جاری کیا جائے ۔اس درخواست پرفیصلہ آنے تک فاضل جج کو مزید کارروائی سے روکا جائے۔