لاہور(نمائندہ جسارت)پاکستان مسلم لیگ( ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عالمی تنظیم کا فنڈز کی نگرانی خود کرنے کا اقدام عمران خان پر عدم اعتماد ہے۔مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ گلوبل فنڈ کاخط وزیر اعظم عمران خان کی نااہلی، غیر سنجیدگی اور بد انتظامی کامنہ بولتا ثبوت ہے، ایڈیشنل سیف گارڈ پالیسی اختیار کرنے کا مطلب حکومتی ساکھ ختم ہونا ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عالمی فنڈ نے یہ اقدام سیاسی عدم استحکام اور ناکام حکومت مسلط ہونے کی وجہ سے کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ گلوبل فنڈ نے یہ فیصلہ ملک میں شفافیت نہ ہونے ، فراڈ اور کرپشن کی وجہ سے کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کہ پاکستان میں پولیو کم ہونے کے بجائے اس حکومت میں ریکارڈ تعداد میں بڑھا ہے، ڈینگی سے لے کر کورونا تک حکومت کی نالائقی، نااہلی ہر سمت عیاں ہے۔ا نہوں نے کہا کہ وفاق کی عدم دلچسپی کی وجہ سے صوبوں میں صحت کے مسائل بڑھ رہے ہیں ، عالمی تنظیم نے واضح کہا ہے کہ اہم پہلوئوں پر حکومت توجہ نہیں دے رہی جو لمحہ فکریہ ہے۔